اسلام آباد/کراچی(این این آئی)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے مجلس عاملہ کے رکن اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مولانا مفتی محمد نعیم کی رحلت پراظہار افسوس کیاہے،وفاق المدارس کے قائدین نے مفتی نعیم کی دینی و ملی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی خدمات آب زر سے لکھی جائیں گی،مفتی نعیم بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے،انہوں نے مختصر وقت میں عالمی ادارہ قائم کیا،
مفتی نعیم کے مدرسہ سے دنیا بھر کے ہزاروں طلبہ و طالبات نے استفادہ کیا جو پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے،وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے رکن کے طور پر انہوں نے وفاق المدارس اور دینی مدارس کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی،مولانا انوار الحق اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے رکن,ممتاز عالم دین اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد نعیم کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پسماندگان ولواحقین بالخصوص مفتی نعیم صاحب کے صاحبزادگان, جامعہ بنوریہ کی انتظامیہ و مدرسین سے مسنون تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی وملی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا-انہوں نے کہا کہ مفتی نعیم صاحب نے بہت کم وقت میں ایک عالمی دینخ مدرسہ کی بنیاد ڈالی اور اسے کامیابی سے ہمکنار کیا ان کے مدرسہ سے دنیا بھر کے ہزاروں طلبہ و طالبات نے استفادہ کیا جو پاکستان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں -وفاق المدارس کے رہنماوں نے کہا مفتی نعیم کی دینی وملی خدمات آب زر سے لکھی جائیں گی-انہوں نے ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبا اور مدارس کے منتظمین سے بالخصوص اور عوام الناس سے بالعموم اپیل کی کہ وہ مفتی نعیم صاحب کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاوں کا اہتمام کریں۔