اسلام آباد(آن لائن) مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے کہا ہے کہ انکی ہفتہ کو افغانستان کے سفیر عاطف مشعل سے ملاقات ہوئی ہے جس میں افغان سفیر کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان نے طورخم اور چمن کو ٹرانزٹ تجارت کیلئے ہفتہ میں چھ دن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک تیسرا تجارتی راستہ غلام خان بھی کھولا جا رہا ہے، تا کہ بیک لاگ ختم کیا جا سکے۔ سماجی رابطو ں کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ بائیس جون سے کووڈ۔ 19 کو مد نظر رکھتے ہوئے افغانی
درآمدات کو تینوں کراسنگ پوائنٹ سے اجازت ہو گی۔ افغان سفیر نے رواں سال جولائی اگست میں تجارتی وفد کے ساتھ افغانستان مدعو کیا ہے۔ پاکستان افغانستان ٹرانزٹ تجارت معاہدے کے حوالے سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر بات چیت ہوئی۔ مشیر تجارت نے بتایا کہ ا فغانستان کے راستے غیر قانونی درآمدات روکنے کیلئے مزید حفاظتی اقدامات پر بھی زور دیا ہے۔ افغان سفیر کو دو طرفہ تجارت سے متعلق تمام مسائل کو جلد حل کرنے کی پاکستان کی خواہش کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔