اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ نے کورونا وباء پر انتہائی معنی خیز تجزیہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک سربراہ نے اپنی ناسمجھی اور انا میں عوام کو خطرے میں ڈال دیا، یہ سربراہ کورونا کو فلو کہتا، نہ ماسک پہنتا نہ سماجی فاصلہ اختیار کرتا،
صوبائی حکومتیں لاک ڈاؤن کرتیں تو ان کے خلاف مہم چلاتا، عوام کی جان سے زیادہ معیشت کی پرواہ کرتا، پھر ہزاروں اموات ہوئیں، شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ اس ملک میں کم آمدنی والے افراد اس وائرس سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جو غریب مر رہے ہیں وہ گنجان آباد علاقوں میں رہتے ہیں، مہنگے ہسپتال ان کی پہنچ سے باہر ہیں۔ شاہ زیب خانزادہ نے کہاکہ جب اموات کی تعداد زیادہ ہوئی تو اس لیڈر نے کورونا کا ویب سائٹ سے ڈیٹا ہی غائب کر دیا، جس پر سپریم کورٹ کو مداخلت کرنا پڑی۔ معروف اینکر نے کہا کہ برازیل کا صدر بول سنارو یہ لیڈر ہے۔ اس کی وجہ سے برازیل دنیا کا کورونا سے متاثرہ دوسرا ملک بن گیا ہے اور یہاں مردوں کو دفنانے کے لئے جگہ بھی کم پڑ گئی ہے۔ شاہ زیب خانزادہ کے اس تجزیے کو سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے ایسا تاثر دیا ہے کہ یہ وزیراعظم پاکستان ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ اینکر کو ڈھکے چھپے الفاظ کی بجائے کھل کر کہنا چاہیے کہ وزیراعظم جو کر رہے ہیں وہ غلط ہے۔