اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو لوٹنے کی اجازت دینے والے وزیراعظم عمران خان مستعفی ہوں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کو ذمہ دار نہ ٹھہرا کر رپورٹ میں سیاہ کو سفید ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پہلے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی پھر کہا جنہوں نے لوٹا ہے ان کو گرفتارکرلو ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی آٹاچینی چوری کے تمام فیصلوں کی منظوری عمران خان نے دی، اب وہ اس ذمہ داری کو کسی اور پر نہیں ڈال سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو لوٹنے کا لائسنس عمران خان نے دیا، اس پر دستخط عمران خان نے کئے،عوام کی چینی چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کا نام وزیراعظم عمران خان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں چینی کا ذخیرہ تھا ہی نہیں، پھر وزیراعظم نے اجازت کیوں دی؟،شوگرایڈوائزری بورڈ اور سیکریٹری خوراک نے مخالفت کی، پھر وزیراعظم عمران خان نے چینی کی برآمد کی اجازت کیوں دی؟انہوں نے کہاکہ قوم کو دو دوبار لوٹاگیا، ایک بار برآمد کی اجازت دے کر اور پھر 36 روپے فی کلو مہنگی چینی فروخت کرکے چینی باہر بھیجنے کی اجازت دینے سے لے کر اس کی ذخیرہ اندوزی اور مقامی مارکیٹ میں مہنگی فروخت عمران خان کے جرائم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے سے عمران خان کی ذمہ داری ختم نہیں ہوگی ،وزیراعظم اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کے سربراہ کے طورپر ہر فیصلے کا ذمہ دار ہے۔