مظفرآباد( این این آئی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر میں لاک ڈاون میں دی جانے والی نرمی واپس لیتے ہوے لاک ڈاون سخت کرنے کا حکم دیدیا۔کل رات 12 بجے سے آزادکشمیر بھر میں مکمل لاک ڈاون بحال کر دیا جائیگا۔
اس سلسلہ میں حکومت آزادکشمیر کے محکمہ داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یہ احتیاطی اور حفاظتی اقدامات ہیں جو عوام کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں ۔ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آئندہ دو ہفتوں کیلئے دوبارہ لاک ڈائون کا نفاذ کررہے ہیں ۔ لاک ڈاون کے دوران اشیاء ضروریہ میڈیکل سٹور طے شدہ اوقات کار کے مطابق کھلے رہیں گے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حالات اس بات کے متقاضی نہیں کہ ہم عید کی شاپنگ کریں عید سادگی سے منائیں، انسانی جانوں سے بڑھ کوئی چیز نہیں ۔