کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہاہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 787کیسز مثبت آئے ہیںجبکہ مزید 9مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔اتوارکوکورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 5034 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 787 کیسز مثبت آئے، 114مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ31 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے مزید نو مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں کورونا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 277 ہوگئی ہے۔مراد علی شاہ کے نتایاکہ کراچی میں 515 نئے کورونا کے مریض سامنے آئے،شکار پور میں 31،لاڑکانہ 25، سکھر 25،حیدرآباد 16، گھوٹکی میں 14 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،اس کے علاوہ قمبر شہداد کوٹ13، خیرپور6، جامشورو میں 3نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔مراد علی شاہ نے عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام خود کو بھی کورونا سے بچائیں اور دوسروں کو بھی کورونا سے بچانے میں مدد کریں۔