اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم شکایت سیل میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سابق اسپیکر ایاز صادق کے خلاف شکایت دائر کر دی گئیں،شکایت پپس کے بیسویں گریڈ کے افسر مظفر علی مہر نے دائر کی۔ مظفر مہر نے کہاکہ ایاز صادق نے جعلی ڈگری کے جھوٹے الزام میں ذاتی عناد کی بنیاد پہ نوکری سے فارغ کیا۔
مظفر مہر نے کہاکہ قائد اعظم یونی ورسٹی کی ڈگری کو جعلی قرار دیکر برطرف کیا گیا، ایاز صادق نے خود کو پپس بورڈ کا صدر مقررہ وقت سے پہلے نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا،اس وقت کے چیئرمین سینیٹ کی ہدایات کے مطابق ایاز صادق کو صدر نوٹیفائے کرنے سے انکار کیا۔ شکایت میں کہاگیاکہ ایاز صادق نے مجھ پر خاتون کو ہراساں کرنے کا جھوٹا الزام لگایا،میرا موقف کو سنے اور اظہار وجوہ کے نوٹس کے بغیر ملازمت سے فارغ کیا گیا، جس جھوٹے الزام پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی اس نے بھی کوئی سزا تجویز نہیں کی، صادق سنجرانی پر شہباز شریف اور ایاز صادق کا دباؤ ہے،ایاز صادق سمیت معاملے سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں۔ درخواست میں کہاگیاکہ وزیراعظم معاملے کا نوٹس لیکر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔