جہلم ویلی (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم آزادجموں راجہ محمد فاروق حیدرخان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ارطغرل ڈرامے کی ایک قسط دیکھی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈرامہ دیکھنے کو کہا خود بھی ایسے بنیں ناں، صرف بیانات نہ دیں، عملی کام کریں، راجہ فاروق حیدر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لئے کچھ کریں،
کشمیری بہن بیٹیاں صرف ہماری نہیں آپ کی بھی ہیں، فوج آپ کے حکم کی منتظر ہے، عوام آپ کے منتظر ہیں، آپ کشمیریوں کی آزادی کیلئے اقدامات کریں۔ دوسری جانب وزیر اعظم آزادجموں راجہ محمد فاروق حیدرخان نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کیا ۔ وزیر اعظم نے ہٹیاں بالا بازار میں لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور انتظامیہ کو ہدایات دیں اور اور لیگی کارکنان سے ملاقاتیں بھی کیں ۔ وزیر اعظم نے رمضان المبارک کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ لاک ڈائون میں دی گئی نرمی سے فائدہ اٹھا کر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت ہر گز نہیں دینگے،لاک ڈائون میں نرمی اس لیے دی کہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ بازاروں میں رش کیا جائے ، عوام کے تعاون کے بغیر حکومتی اقدامات بے اثر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ شہری بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ، امسال عید الفطر سادگی سے منائیں اور اپنے ارد گرد مستحقین کا بھی خاص خیال رکھیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام اللہ رب العزت سے خصوصی استغفار اور دعا کریں کہ وہ ہمیں اس وباء سے محفوظ رکھے اور ہمیں اس سے نمٹنے کی توفیق دی۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے چھٹیاں کے مقام پر سابق اے ایس آئی شکیل اعوان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ۔ ازاں بعد وزیر اعظم نے چناری کے علاقے گجربانڈی میں سابق مشیر حکومت محمد خان کیانی مرحوم کے فرزند شاہنواز کیانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے شاہنواز کیانی کی نا گہانی موت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔لیگی رہنما مرزا آصف ودیگربھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔