لاہور( این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے دو سال الزامات کا پہاڑ کھودا اور نکلا49 لاکھ کے الزام کا مرا ہوا بدبودارچوہا،سالانہ آٹھ کروڑ انکم ٹیکس دینے والے شہبازشریف پر 49 لاکھ کامضحکہ خیز الزام لگانے پر نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ڈوب مرنا چاہیے ،وزیراعلی کے طورپر کروڑوں روپے کا قانونی استحقاق چھوڑنے والے شہبازشریف پر49 لاکھ کا الزام لگانے والوں کوئی شرم کوئی حیاء ہوتی ہے ۔
مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں کہا کہ اربوں کھربوں کے منصوبے لگانے اور ان میں اربوں کی بچت کرنے والے شہبازشریف پر 49 لاکھ کا الزام احتساب کے جنازے کی فاتحہ ہے ،اربوں کھربوں کے الزامات لگانے والے اب49 لاکھ کے الزام تک آپہنچے ہیں،عمران خان نے آئی ایف ایم جانے پر تو خود کشی نہیں کی لیکن 49 لاکھ کے الزام پر ہی خود کشی کرلیں کیونکہ ان کا کرپشن کا جھوٹا بیانیہ اب نہیں بک رہا ۔احتساب کے ٹھکیداروں کو چار چیلنج دئیے تھے جن کا اب تک جواب نہیں آیا،نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہبازشریف کی کرپشن کا ثبوت لانا تھا ،عوام تو وہ سننا اور دیکھنا چاہتے تھے،شہبازشریف کے بارے میں میرے چیلنج کا عمران صاحب نے جواب دینا نہیں، نیب نے نوٹس لینا نہیں، جوکر ہی جواب دے دیں ،ناکام، شرمندہ اور ہارے ہوئے ٹولے کاشریف خاندان اور مسلم لیگ (ن)کے خلاف کرپشن کا بیانیہ جھوٹ ثا بت ہوچکا ہے ۔ا نہوںنے کہا کہ حکومت عوام کی خدمت کے امتحان میں فیل ہوچکی ہے، کرپشن میں رنگے ہاتھوں پکڑی جاچکی ہے، اس لئے سیاسی مخالفین کا میڈیا ٹرائل جاری ہے ، عمران صاحب کی آٹا چینی چوری ڈکیتی کی رپورٹ چھپائی جارہی ہے اس لئے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہر روز تماشہ لگاتا ہے ،کمپنیز آرڈیننس میں ترمیم کے ذریعے نئی ڈکیتی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے پریس کانفرنس کی گئی ، عمران صاحب کے اربوں روپے کے 23 خفیہ اکائونٹس، فارن فنڈنگ، مالم جبہ،ہیلی کاپٹرکیسزمیں کرپشن ہوئی
اس کا حسا ب دیں ،بلین ٹری سونامی، 100 ارب کے بی آرٹی کھڈوں، 500 ارب آٹا چینی اور 580 ارب سے زائد ادویات کے ڈاکے کا حساب دیں ،عمران صاحب کے فارن فنڈنگ کے وہ چیک پیش کریں جس پران کے دستخط ہیں اور ان کی چوری اسٹیٹ بنک کا ریکارڈ کا حصہ ہے ،عمران صاحب کی منی لانڈرنگ، حوالہ اور ہنڈی کا الیکشن کمشن میں چھپایاگیا ریکارڈ عوام کے سامنے کیوں پیش نہیں کیاجارہا ؟، عمران صاحب پی آئی ڈی میں شہبازشریف کا سرکاری خرچ پر روزانہ میڈیا ٹرائل کرنے سے آپ کی کرپشن اور نالائقی چھپ نہیں سکتی ،عدالتوں میں ثبوت نہ دینے والی ناکام شکلیں سرکاری خرچ اور سرکاری عمارتوں میں الزامات کے سرکس سے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتیں۔