اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت کورونا کے ساتھ دو وائرسز کاسامنا ہے اور دوسرے کا علاج عمران خان ہے،دوسرا وائرس عوام کے خون کو چوستا ہے، آپ کے ملک کی بنیادیں کمزور اور ملک کو قرضوں میں ڈبوتا ہے، اسے وزیر اعظم ہی ختم کرینگے ،مسلم لیگ (ن)کی کسی صوبے میں حکومت نہیں ،موقع دیا پارلیمنٹ میں آکر تجاویز دیں ،
قائد حزب اختلاف شہباز شریف خود اجلاس سے غیر حاضر رہے ، پارلیمنٹ میں وہی تقاریر ہوئیں جو پریس کانفرنس میں کی جاتی تھیں ، یہ لوگ ہمیں نا اہل کہتے ہیں ،کیا قومی اداروں کو طاقت ور بنانا نااہلی ہے؟، کیا احتساب کے عمل کو آگے بڑھانا یا غریبوں کو ریلیف دینا نااہلی ہے؟۔ ہفتہ کو یہاں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک اس وقت 2 وائرسز کا شکار ہے، ایک وائرس کورونا کے نام سے جانا جاتا ہے، بدقسمتی سے اس کا ابھی تک کوئی اینٹی ڈوٹ دریافت نہیں ہوا، اس وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی یہ وائرس اپنی تباہی پھیلا رہا ہے جس سے حکومت پاکستان، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایک بڑے جامع پلان و حکمت عملی کے ساتھ نمٹ رہی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم اور ان کے رفقا نے بڑی تفصیل سے اپنی حکمت عملی و اعداد و شمار، موجود حالات اور آنے والے وقت سے متعلق لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ پلان ہے جس میں ہم اپنی طاقت و کمزوریوں دونوں کو استعمال میں لارہے ہیں، ہمارا ملک کو کافی مشکلات کا سامنا کررہا ہے اس کے باوجود عمران خان نے 1.2 کھرب روپے کے ایک جامع پیکج کا اعلان کیا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ اس پیکج کا مقصد معاشرے کے مختلف طبقے کی مدد کرنا تھا۔انہوں نے ملک میں جب یہ وبا آئی تو حکومت اور وزیراعظم کی حکمت عملی بڑی واضح تھی،
انہوں نے ایسا پروگرام ترتیب دیا جس سے نہ صرف ملک کو اس آفت سے بچایا جائے بلکہ 2 ادارے این سی سی اور این سی او سی بنائے۔انہوں نے کہا کہ این سی او سی میں ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز، ڈاکٹرز، سیاسی قائدین، پارلیمنٹرین، ماہرین، تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں کیونکہ حکومت کا یہ واضح موقف تھا کہ صرف پی ٹی آئی یا اکیلی حکومت اس سے نہیں لڑ سکتی اور اسی سلسلے میں وزیراعظم نے تمام وفاقی اکائیوں کو ایک طرح دیکھا اور انہیں مساوی طور پر شامل کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہسپتالوں کو سامان فراہم کیا گیا اس کے علاوہ تمام طبی سامان تمام صوبوں کو فراہم کیا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایسی جنگ ہے جسے مل کر ہی شکست دی جاسکتی ہے۔اپوزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی دوران اپوزیشن خاص طور پر مسلم لیگ (ن) نے پارلیمنٹ کا اجلاس بلوایاچونکہ مسلم لیگ (ن) کی کسی صوبے میں نمائندگی نہیں تھی اور وہ آن بورڈ نہیں تھے تو ہم نے انہیں موقع دیا کہ وہ بھی پارلیمنٹ میں آکر تجاویز دیں،ہوا یہ کہ جنہوں نے اجلاس بلایا تھا
قائد حزب اختلاف شہباز شریف وہ خود قومی اسمبلی اجلاس سے غیرحاضر رہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں وہی تقاریر ہوئیں جو پریس کانفرنس میں کی جاتی تھیں جبکہ شہباز شریف کا اس اجلاس میں شرکت نہ کرنا اسی بات کی غمازی ہے کہ اشرافیہ کی ذہںیت (ایلیٹ مائنڈ سیٹ) برسرپیکار ہے، وہ نہیں سمجھتے تھے کہ ان کی صحت ان کو اجازت دیتی ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آکر خود کو خطرے میں ڈالیں، باقی پارلیمنٹرینز اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی زندگی اہم نہیں ہے، ان کی اپنی پارٹی کے بیمار رکن بھی اس اجلاس میں آئے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ چیز اس پارٹی کے کلچر کو ظاہر کرتا ہے کہ اپنے لیے کچھ اور اپنی پارٹی کیلئے کچھ کہ جب بیمار ہوتے ہیں تو لندن چلے جاتے ہیں۔اپنی جماعت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری جانب ہماری قیادت ہے، وزیراعظم عمران خان 30 فٹ سے نیچے گرے اور یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ ایک بین الاقوامی شخصیت ہیں، ان کے لیے سب انتظام ہوسکتا تھا لیکن انہوں نے اپنے بنائے ہوئے ہسپتال میں علاج کو ترجیح دی، یہ ہوتا ہے ایک لیڈر کا عزم اور عوام سے وابستگی۔اپوزیشن جماعت پر تنقید میں شبلی فراز نے کہا کہ
ہم نے تو یہی دیکھا ہے کہ یہ اقتدار میں ہوتے ہیں یا باہر ہوتے ہیں۔وزیراطلاعات نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم نااہل ہیں تو اس پر میرے ان سے 2، 3سوالات ہیں، کیا قومی اداروں کو طاقت ور بنانا نااہلی ہے؟، کیا احتساب کے عمل کو آگے بڑھانا یا غریبوں کو ریلیف دینا نااہلی ہے؟انہوں نے کہا کہ جو کرپٹ اور نااہل تھے انہیں عوام نے 2018 میں ہی مسترد کرکے نااہل ثابت کردیا تھا۔دوسرے وائرس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دوسرے وائرس کا اینٹی ڈوٹ دریافت ہوچکا ہے جس کا نام عمران خان لہٰذا ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اسے عمران خان ہی ختم کرے گا،
یہ وائرس عوام کے خون کو چوستا ہے، آپ کے ملک کی بنیادیں کمزور کرتا ہے اور ملک کو قرضوں میں ڈبوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ یا اس طرح کی کھربوں کی جائیدادیں جو شہباز شریف اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ اس وائرس کا سب سے بڑا شیئر ہولڈر ہے، انہوں نے ایک بڑے منظم طریقے سے ملک کے وسائل کو پامال کیا اور اپنے لیے ایک دوسری دنیا بسائی جس کا پاکستان کے عوام اور غریبوں سے کوئی تعلق نہیں۔انہون نے کہا کہ خدانخواستہ یہ ملک اگر اجڑتا ہے تو انہوں نے اپنے لیے ایک دوسری دنیا آباد رکھی ہے، جس میں ان کے بھائی، بیٹے، بھتیجے اور یہ خود واپس جانا چاہتے ہیں لیکن ایسا ہونے والا نہیں ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ ‘شبلی فراز صاحب نے جس دوسرے وائرس کا ذکر کیا ہے اس کانام کرپشن ہے، جو اس ملک میں شاید شروع سے لگ گیا تھا لیکن گزشتہ 30 برس میں بہت شدت سے لگاہوا تھا۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ پریس کانفرنس میں جو مخصوص چیزیں بیان کیں اورایک نئے کمپنی جس میں شہباز شریف کے براہ راست کک بیکس اور کرپشن کا ذکر تھا جس پر 3 روز گزرنے کے باوجود خود شہباز شریف کی طرف سے جواب نہیں آیا۔انہوں نے شہباز شریف کا حوالے سے کہا کہ وہ اس وقت قرنطینہ درقرنطینہ میں چلے گئے ہیں، پہلے ہی وہ آئسولیشن میں تھے اور اب مزید آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے چند حواریوں کو بھیجا جن میں بدقسمتی سے ایک سابق وزیراعظم بھی ہیں جنہوں نے رخ کو موڑنے کی کوشش کی، میرے خیال میں اپوزیشن کی دو پہلووں کی بنیاد پر حکمت عملی تھی۔انہوںنے کہاکہ پہلی حکمت عملی تھی کہ اسمبلی اجلاس میں کووڈ-19 پر حکومتی اقدامات پر براہ راست تنقید شروع کردیں اور بے بنیاد تقاریر کی اور بار بار کہنا ہے کہ آپ کی حکمت عملی کیا ہے جبکہ اٹھارویں ترامیم کے مطابق این سی او سی اور این سی سی میں ملک کی تمام نمائندگی تھی اور حکومتیں آئینی تقاضوں کے مطابق کام کررہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی کوششوں کو عالمی ادارہ صحت بھی سراہتا ہے لیکن اس کے باوجود
توجہ ہٹانے کی حکمت عملی ناکام ہوچکی ہے جبکہ دوسری حکمت عملی شہزاد اکبر کو تنقید کا نشانہ بنانا تھا۔شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جن فرشتوں کو اپنی چند بھینسوں کا قیمتی اور نایاب دودھ کروڑوں میں فروخت کرتے تھے وہ فرشتے منظر عام پر آچکے ہیں اور اصل درد، ان فرشتوں کا سامنے آناہے۔انہوںنے کہاکہ سی لیے بار بار سوال کرتے ہیں کہ شہزاد اکبر کون ہے، کہاں سے آیاہے اورکیسے تحقیق کرسکتا ہے، جب چوری پکڑی جائے تو یہ کہنا کہ پہلے یہ بتاؤ تم کون ہو اور چوری کیسے پکڑی جیسی باتیں کرنا کوئی جواب نہیں ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ آپ عوامی نمائندے ہیں، عدالت میں عام ملزم کی طرح
پیش ہوں گے لیکن اس سے پہلے عوام کے سامنے جواب دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم اورنگ زیب کی بھی ڈیوٹی لگ جاتی ہے اور ان سوالوں کا جواب دینے کی کوشش کرتی ہے جن کا جواب نہیں ہے لیکن ان کے ایک سوال کا جواب دینا چاہوں گا۔مریم اورنگ زیب کا سوال دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کک بیکس سے شہباز شریف کا تعلق ثابت کریں جس کا ایک مماثلت ہے اور آصف زرداری نے مشہور اینکر کے شومیں کہا تھا کہ ان کو ثابت کرنا پڑے گا کہ میں فالودے والا کو بینک لے کرگیااور یہ ان کی قدر مشترک ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی بہت کو عرض کردیتا ہوں کہ سب سے پہلے نیب کا وہ قانون جو 1997میں آپ کے دور میں احتساب بیوروایکٹ بنا جو بعد 1999 میں چند ترامیم کے بعد نیب آرڈیننس کی صورت میں سامنے آیا تھا اور دونوں سیکشنز ایک ہی تھے جن کے تحت بارثبوت آپ پر ہے۔انہوں نے کہاکہ جن 16 کروڑ کے کک بیکس کا ذکر کررہا ہوں اس کا بار ثبوت شہباز شریف کے اوپر ہے،
اس کے باوجود ان ٹرانزکشز کی پوری ٹریل موجود ہے کیونکہ قانون کے مطابق ایک اکاؤنٹ میں کیش کی صورت 2 ملین جمع ہوتے ہیں تو ایک سی ٹی آر جمع ہوتی جس کو کیش ٹرانزیکش رپورٹ کہتے ہیں اور اس میں کیش جمع کرانے والے کا نام، مقصد اور پوری تفصیلات جمع کرانی پڑتی ہے۔وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کورونا کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم نے حقائق کے مطابق صورتحال عوام کے سامنے رکھیں، پاکستان کو معاشی طور پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت وبا سے نمٹنے کیلئے روڈ میپ کے مطابق کام کر رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے،گزشتہ روز وزیراعظم نے کابینہ ممبران کے ساتھ تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں، وزیراعظم عمران خان نے 8 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا، 480ارب روپے معیشت کی بہتری کیلئے رکھے گئے، 570ارب روپے عوام کے ریلیف کیلئے مختص کیے گئے،احساس پروگرام کے ذریعے 104 ارب روپے 85 ہزار خاندانوں میں تقسیم کیے جاچکے، دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔
٭٭٭