اسلام آباد (این این آئی)پی ڈبلیو ڈی کے نزدیک گاڑی کا چالان کرنے پر ٹریفک پولیس کے اہلکار پر تشدد کا آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے نوٹس لے لیا ۔ تھانہ لوہی بھیر پولیس نے فوری مقدمہ درج کیا سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا،وقوعہ میں ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوری گرفتار
کرنے کا حکم دیا تھا۔ملزم علی حسین شاہ نے چالان کرنے پر ٹریفک پولیس کے اہلکار کی وردی پھاڑ دی تھی اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا، پولیس جوان محکمہ پولیس کا اثاثہ ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ پولیس جوانوں کے ساتھ تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔