اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اگر احساس پروگرام نہ ہوتا تو نجانے کیا ہوتا ؟،میرا ایمان ہے جیسے ہم جارہے ہیں ایک مضبوط قوم بن کر نکلیں گے،عید پر قوم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہی بہت بڑا کمال ہے کہ اس مشکل وقت میں 80لاکھ خاندانوں کو پیسہ پہنچایا اگر احساس پروگرام نہ ہوتا تو نجانے کیا ہوتا ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ہمیں شروع سے اشیائے خورونوش کی فراہمی کی فکر تھی اور اب اس برے وقت میں رمضان کے مہینے میں بھی قیمتیں نہیں بڑھیں جب عموماً اچھے دنوں میں بھی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ عالمی سطح پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباروں کو فائدہ پہنچایا ،میرا ایمان ہے کہ جیسے ہم جارہے ہیں ایک مضبوط قوم بن کر نکلیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ہدایت کی کہ اب سے لے کر سال کے آخر تک یہ ذہن بنالیں کہ ہم نے کورونا کے ساتھ رہنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ اس بحران میں قوم کی کامیابی کا انحصار عوام ہے، عوام جتنی ذمہ دار ہوگی اتنی زیادہ کامیابی ہوگی، ہمیں پتہ ہے کہ جب تک ویکسین نہیں آتی اس وائرس نے یہیں رہنا لہذا جتنی احتیاط کریں گے معاشرے کے لیے اتنی آسانی پیدا ہوگی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم جس طرح عید مناتی ہے یہ عید اس سے مختلف ہے، اس عید پر قوم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے کہ احتیاط کرکے وہ ملک کی خدمت کریں گے۔