اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا کی وجہ سے ملک میں تپ دق (ٹی بی) اور پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے توجہ ہٹ رہی ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وبا کے دوران ہم نے ٹی بی کو نظر انداز کیا تو اس حوالے سے دنیا کی کارکردگی 5 سے 8 سال پیچھے جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اسٹاپ ٹی وی کی ماڈلنگ کے مطابق 3 ماہ کے لاک ڈاؤنز کے باعث اگلے 5 سال میں دنیا بھر میں اضافی 63 لاکھ افراد ٹی بی کا شکار ہوں گے اور 14 لاکھ اضافی اموات ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام تعطل کا شکار ہوگئے اور انسداد پولیو کی 2 مہمات بھی نہیں ہوسکی اور ان کے کیا اثرات آسکتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت کسی محاذ پر ہارنا نہیں چاہتی۔