اسلام آباد (این این آئی)ملتان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عامر ڈوگرنے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی کورونا سے مرنے والوں کی بغیر غسل تدفین کی رپورٹس ملی ہیں۔پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سے درخواست ہے کہ وہ کورونا سے مرنے والے افراد کی صحیح انداز سے تدفین کریں۔انہوں نے کہا کہ
پاکستان کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو سلام پیش کرتا ہوں، کپاس پر کسانوں کو امدادی قیمت دی جائے، ٹیوب ویل کے بل معاف کر دینے چاہئیں۔عامر ڈوگر نے کہا کہ بازاروں میں جس طرح شاپنگ ہو رہی ہے اسے دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، تاجر اور دیگر افراد ایس او پیز کی خلاف ورزی کریں گے تو دوبارہ لاک ڈائون کرنا پڑ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب ایران سے زائرین کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوا تو کوئی شہر انہیں لینے کے لیے تیار نہیں تھا، ملتان کے شہریوں نے زائرین کو دل کھول کر خوش آمدید کہا۔عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ ملتان میں پانچ سو سے زائد کورونا کے مریض صحت یاب ہو کر گئے، یہ کہنا غلط ہے کہ ملتان میں کوئی انتظام نہیں ہوا، تجویز دوں گا کہ جن افراد نے بہترین خدمات انجام دیں انہیں سول ایوارڈ سے نوازا جائے۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام پر وزیرِ اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سب سے بڑا ریلیف پیکیج دیا، کل تک ضلع ملتان میں 2 ارب روپے تقسیم ہو چکے ہیں۔ملتان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ا?ئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممبرانِ اسمبلی لوگوں کو بتائیں کہ ابھی کورونا وائرس کی وباء ختم نہیں ہوئی ہے۔