پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے جمعرات کو کاروائی کرتے ہوئے جعلی مشروبات کی ترسیل کرنے والے گاڑی کے تعاقب میں جعلی مشروبات گودام تک رسائی حاصل کی اور چار ہزار لیٹر مضر صحت جعلی مشروبات کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی سہیل خان نے کہا ہے کہ جعلی مشروبات کی علاقائی سطح پر تیاری اور ترسیل عوام کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس روزگار سے وابسطہ نیٹ ورک کی جھڑیں کھوکھلی کردی گئیں ہیں اور یہ اب شہر سے باہر مضافات میں سپلائی کرنے لگے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کا عوامی انٹیلجنس پر مبنی مظبوط نیٹ ورک اشیائے خوردونوش میں ہونے والی تمام تر خلاف ورزیوں پر نظریں جمائے رکھا ہے۔ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر نے کریک ڈاون کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی واصف شاہ معمول کے مطابق سنیپ چیکنگ میں مصروف تھے کہ اچانک معروف پیپسی برانڈ کی جعلی مشروبات کی ترسیل کرنے والی گاڑی سے سامنا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے پبی میں واقع گودام تک جاپہنچی جہاں چار ہزار لیٹر سے زائد کی جعلی مشروبات کی کھیپ پکڑ کر سپلائی مینجر سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈاکٹر عظمت کے مطابق جعلی مشروبات پشاور اور ملحقہ علاقوں کو سپلائی ہونے والے تھے۔