کراچی(این این آئی)جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہیکہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ امت مسلمہ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، رمضان المبارک میں میں کثرت سے رجوع الی اللہ کی بیداری انسان کو فضیلت کا حامل بنا دیتی ہے۔ آخری عشرہ میں سندھ کے مساجد میں اعتکاف ، ختم القرآن کی تقاریب اور شب قدر کے اجتماعات مکمل احتیاطی تدابیر کے
ساتھ منعقد ہوں گے ، اگر حکومت نے کہیں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس بار سندھ حکومت کے نفرت آمیز اقدامات اور ہھتکنڈوں کو مسترد کرکے عید کی نماز وزیر اعلی ہائوس کے سامنے ادا کرنے کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا راشد محمود سومرو نے سندھ حکومت کے نام جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کیا ، انہوں نے کہ میں حکومت کو پیشگی خبردار کررہا ہوں کہ سندھ میں مذہبی طبقے کیخلاف ہونے والے نفرت آمیز اقدامات بہت برداشت کرلئے مزید اوچھے ہتکھنڈے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ میں گندم کا بحران کسی بڑے اسکینڈل کا پیش خیمہ ہے حقائق جلد عوام کے سامنے لائیں جائیں ، اربوں روپے کی گندم ہڑپ کرنے اور بحران کے اصل ذمہ داران وزرا اور مشیروں اور محکمے کے اعلی افسران کیخلاف کاروائی کی بجائے مختلف اضلاع میں گندم کے چھوٹے گوداموں اور گلی محلے کے دکان داروں کو ڈرا دھمکا کر ان سے زبردستی گندم اٹھا کر کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا سندھ سرکار کسانوں، مزدوروں ، ہاریوں کے مال پر ہاتھ صاف کرنیکی بجائے بحران کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے عوام کو مزید اذیت کیلئے بھونڈے اقدامت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔علامہ راشد محمود سومرو نے جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے تمام کارکنان کے نام پیغام میں کہا ہیکہ وہ عید پر غیر ضروری سفر موخر کریں ، سیرو تفریح ، تاریخی مقامات ، خانقاہوں اور جمعیت کے عہدیداران کے طرف ملاقات کی غرض سے اجتماعی دوروں سے گریز کریں ، گھروں پر رہیں اور عید کے موقع پر غربا اور مساکین کو خوشیوں میں شریک کریں ۔