اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق آبی وسائل کو محفوظ کریں گے،اس پراجیکٹ سے 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی ،منصوبے سے 6.1 ملین ایکڑ فٹ پانی کا ذخیرہ ہوگا ، تربیلا ڈیم کی لائف میں 35 سال اضافہ ہوگا اور ڈاؤن اسٹریم کے منصوبوں پر بھی فائدہ ہوگا،دیامر بھاشا ڈیم سے 1.2 ملین ایکڑ زمین آباد ہوگی ،
پاکستان کی ترقی کے لئے آبی وسائل کے منصوبوں کی تکمیل جلد یقینی بنائیں گے ۔بدھ کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے دیامر بھاشا ڈیم کے کنٹریکٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن ملکی تاریخی کا بڑا دن ہے کیونکہ پانچ دہائیوں بعد اتنا بڑا منصوبہ شروع ہوا ،چینی سفیر، سیکرٹری آبی وسائل، چیرمین واپڈا، انجینئر ان چیف اور ڈی جی ایف ڈبلیو او کی کاوشوں کا مشکور ہوں ۔وزیر آبی وسائل نے کہاکہ اس معاہدے سے پاک چین دوستانہ تعلقات کا نیا باب شروع ہوگیا ،وزارت آبی وسائل اور واپڈا کی کاوشوں سے آج ہم یہاں تک پہنچے ہیں ۔فیصل واوڈا نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق آبی وسائل کو محفوظ کریں گے ،اس پراجیکٹ سے 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی ۔وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہاکہ منصوبے سے 6.1 ملین ایکڑ فٹ پانی کا ذخیرہ ہوگا جس سے نہ صرف تربیلا ڈیم کی لائف میں 35 سال اضافہ ہوگا بلکہ ڈاؤن اسٹریم کے منصوبوں پر بھی فائدہ ہوگا ،دیامر بھاشا ڈیم سے 1.2 ملین ایکڑ زمین آباد ہوگی ۔وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہاکہ امید ہے کہ ہم وقت سے پہلے دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کریں گے ،مجھے میری ٹیم پر فخر ہے ۔فیصل واوڈا نے کہاکہ اس قومی مفاد کے پراجیکٹ میں ہمارے اسٹاف کی بھی اتنی محنت ہے جتنی ہماری ،پاکستان کی ترقی کے لئے آبی وسائل کے منصوبوں کی تکمیل جلد یقینی بنائیں گے ۔