حیدرآباد( آن لائن ) حیدرآباد میں کورونا وائرس کا مشتبہ ڈاکٹر جاں بحق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نوشاد میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی تا ہم وہ کورونا کے مشتبہ مریض تھے۔ اس بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فواد سومرو کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نوشاد کی گزشتہ 6 دنوں سے طبیعت درست نہیں تھی جس کے بعد وہ گھر پر ہی موجود تھے۔
بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر نوشاد میں کورونا وائرس کی علامتیں تھیں تاہم ان کا ٹیسٹ نہیں کرایا گیا تھا، ان کی تدفین کے دوران احتیاطی تدابیر اختیارکی گئی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر نوشاد کے انتقال کے بعد ان کی پوری فیملی کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریض اور ہلال احمر اسپتال کے ڈاکٹر نوشاد حسین کی اہلیہ بھی ڈاکٹر ہیں۔اس وقت پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی کوروناو ائرس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان میں اب عام شہریوں کے علاوہ ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی بھی ایک بڑی تعداد کورونا وائرس کا شکار ہو رہی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے بار بار تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن ابھی تک ڈاکٹر اسی طرح کام کرنے پر مجبور ہیں۔حفاظتی سامان موجود نہ ہونے کی وجہ سے ہی پاکستان میں ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد بھی کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں جس کی تازہ مثال حیدرآباد میں جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر نوشاد کی ہے۔