لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی رپورٹنگ کے دوران متاثر ہونے والے میڈیا ورکر کو محکمہ اطلاعات کی جانب سے ایک لاکھ روپے جبکہ خدانخواستہ کرونا کے باعث وفات کی صورت متاثرہ ورکر کے خاندان کو دس لاکھ روپے یکمشت اور میڈیا ورکر کی
فیملی کو تاحیات دس ہزار روپے ماہانہ پنشن کی صورت میں دیئے جائیں گے۔ اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ خصوصی ریلیف پیکج برائے میڈیا سے مستفید ہونے کے لیے درخواستیں ڈی جی پی آر ہیڈ آفس میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ وزیرِ اطلاعات نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریلیف پیکج کے لیے درخواست دہندہ کے شناختی کارڈ بمعہ آفس کارڈ کی کاپی، کسی بھی سرکاری لیبارٹری کی کرونا تشخیصی رپورٹ اور ادارے کی جانب سے لیٹر درکار ہو گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا کے خلاف میڈیا سمیت تمام فرنٹ لائن ورکرز کے لیے دیگر صوبوں سے پہلے خصوصی ریلیف پیکج کا آغاز کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلی پنجاب کا میڈیا ریلیف پیکج کرونا کے خلاف جنگ میں میڈیا ورکرز کی خدمات کا اعتراف ہے۔