کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمگیر وبا کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 1080 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے وہ شدید پریشان ہیں،اللہ پاک ہم پر رحم کرے لیکن ہمیں خود پر بھی رحم کرنا ہوگا،ہم لاک ڈائون کی فیز ٹو میں داخل ہوگئے ہیں، کورونا سے بچائو والی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔
کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے اپنے وڈیو بیان میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس وبا سے 24 گھنٹوں میں 1080 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔خیرپور کے پیر جو گوٹھ میں 246 کیسز مثبت آئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے پیر جو گوٹھ میں لاک ڈائون سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے اور اب عوام کو سمجھنا ہوگا کہ صورتحال بگڑتی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 5498 ٹیسٹ کئے جس کا 20 فیصد یعنی 1080 کیسز مثبت آئے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 10771 ہوگئی ہے۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ ہفتہ کو 4 مریض انتقال کرگئے، اس طرح جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 180 ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج مزید 80 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے،اس طرح صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2020 ہے جو مجموعی مریضوں کا 18.8 فیصد ہے ۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اس وقت 8571 مریض زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا کیمریضوں میں 7432 گھروں میں، 609 آئیسولیشن مراکز اور 530 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 101 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان میں 23 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں نے دوران مزید 1080 کورونا کیسز میں سے 583 کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع جنوبی کراچی میں 143، ملیر میں 133 اور
ضلع شرقی کراچی میں 113 ،ضلع وسطی کراچی میں 78، کورنگی میں 61 اور ضلع غربی کراچی میں 55 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں مختلف دکانوں اور سبزی فروشوں کے پاس جاکر عوام کے ٹیسٹ کئے ہیں، ان میں سے کچھ دکاندار اور وہاں پر موجود گاہکوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایسی صورتحال میں عوام اپنی
زندگی کے بچائو کیلئے خود بھی فیصلہ کریں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خیرپور میرس 265،سکھر میں 34، حیدرآباد میں 19، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں 17-17 مزید کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کشمور -کندھ کوٹ میں 8، شہید بینظیرآباد میں 7،مٹیاری میں 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔میرپورخاص میں 4، جامشورو اور قمبر شہدادکوٹ میں 3-3، ٹنڈوالہیار میں 2،
شکارپور، جیکب آباد، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور سجاول میں ایک ایک مزیدکورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ضلع خیرپور کے پیر جو گوٹھ میں ایک خاتون جس کو اچانک تکلیف ہوئی اور انتقال کرگئی۔ وہ عورت حیدرآباد سے آئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد پیر جو گوٹھ میں 4 مئی کو 35 ٹیسٹ کئے جس میں 10 کیسز سامنے آئے تھے، 6 مئی کو 97 ٹیسٹ کئے جس میں
سے بھی 10 کیسز ظاہر ہوئے، 7 مئی کو 59 ٹیسٹ کئے جس میں 7 مزید کیسز ہوئے، 8 مئی کو 251 ٹیسٹ کئے اور 246 کیسز سامنے آئے ۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ یہ ایک چھوٹے گائوں میں بہت زیادہ کورونا کیسز ہیں، پیر جو گوٹھ میں اس وقت کل 277 کورونا کے کیسز ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے پیر جو گوٹھ میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 7 ٹیموں کو مقرر کیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ فوری طور پر
1500 ٹیسٹنگ کٹس بھی خیرپور بھیج دی ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ آپ کی زندگی آپ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ حکومت کا ساتھ نہیں دینگے تو صورتحال بدسے بدتر ہوجائے گی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج میں سندھ کی صورتحال دیکھ کر شدید پریشان ہوں۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک ہم پر رحم کرے لیکن ہمیں خود پر بھی رحم کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم لاک ڈائون کی فیز ٹو میں داخل ہوگئے ہیں اور ہمیں کورونا سے بچائو والی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔