اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے موسم کے ٹی وی بلیٹن میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو شامل کرنے کا بھارتی اقدام مسترد کردیا۔ جمعہ کو ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروق کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ گزشتہ سال بھارت کی طرف سے خودساختہ سیاسی نقشے جاری کرنے کی طرح یہ عمل بھی غیرقانونی ہے، بھارتی اقدام سیکیورٹی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یہ بھارتی مشکوک عمل جھوٹے دعوے اور غیرذمہ دارانہ رویے کا عکاس ہے، بھارت کا کوئی بھی غیرقانونی اور یکطرفہ عمل جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری جموں و کشمیر کو متنازعہ تسلیم کرتی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی اقدامات کسی بھی طور جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کو ختم نہیں کرسکتے، بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کوئی بے بنیاد تبصرے نہ کرے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت عالمی برادری کو اپنے بے بنیاد دعووں سے گمراہ کرنے کی کوشش نہ کرے۔