اسلام آباد (این این آئی)سابق چیئرمین سینیٹ وپیپلزپارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن سے قومی اقلیتی کمیشن قیام سے قبل ہی متنازع ہوگیا۔ ایک بیان میں پی پی رہنما رضا ربانی نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے قومی کمیشن برائے اقلیت کے
قیام کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی نے پشاور چرچ دھماکے بعد فیصلہ سنایا تھا اور اْس فیصلے کے مطابق قومی کمیشن برائے اقلیت کا قیام عمل میں آنا تھا۔رضا ربانی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کابینہ کی مرضی سے قومی کمیشن برائے اقلیت کا نوٹیفکیشن جاری کیا لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرایا گیا۔انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن سے کمیشن قیام سے قبل ہی متنازع ہوگیا، اس کے باعث وزارت مذہبی امور کو سمری میں ترمیم کرنا پڑی لہٰذا قومی کمیشن برائے اقلیت کا قیام پارلیمنٹ کے ایکٹ کے تحت کیاجائے۔