اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے جان بچانے والی ادویات کی آڑ میں بھارت سے معمول کی ادویات اور وٹامنز کی درآمد کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بھارت سے معمول کی ادویات اور وٹامنز کی درآمد کا انکشاف کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں اْس وقت ہوا جب بھارت سے مزید 429 ادویات درآمد کرنے کی سمری پیش ہوئی،
سمری میں لائف سیونگ اور ملٹی وٹامن ادویات درآمد کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم سمیت کابینہ ارکان نے بھارت سے معمول کی ادویات اور وٹامنز کی درآمد پر سوالات اٹھائے جبکہ کابینہ ارکان نے استفسار کیا کہ بھارت سے درآمد ادویات کونسی ہیں؟ کیا تمام ادویات جان بچانے والی ہیں؟۔ نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق کابینہ کے استفسار پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت نے مؤقف اختیار کیا کہ فہرست کی تیاری میرے علم میں نہیں۔وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کو بھارتی ادویات کی درآمد پرحقائق سامنے لانے کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بھارت سے لائف سیونگ کے سوا مزید ادویات درآمد کرنے کی سمری مسترد کردی۔