سرگودھا(این این آئی)سرگودھا پولیس کا ایک اور جوان اپنا فرض نبھاتے جام شہادت نوش کر گیا جس کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر کے نعش آبائی گاوں تدفین کے لئے بجھوا دی گئی۔ذرائع کے مطابق سرگودھا پولیس کا کانسٹیبل محمد ممتاز نواحی تھانہ لکسیاں میں تعینات تھا اور گزشتہ رات دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ گشت ڈیوٹی پر تھا جنہوں نے رانگ سائیڈ سے آنے والی تیز رفتار کار کو
روکنے کی کوشش کی تو کار ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے گاڑی کانسٹیبل محمد ممتاز پر چڑھا دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال لیجایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا۔ متعلقہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ تاہم شہید کی نماز جنازہ سرگودھا پولیس لائن میں ادا کی گئی جس میں آر پی ا و سرگودھا ریجن افضال احمد کوثر ، ڈی پی او فیصل گلزار اور سرکل افسران اور پولیس ملازمین نے شرکت کی اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا فیصل گلزار نے کہا کہ سرگودھا پولیس ایک فرض شناس اور محنتی جوان سے محروم ہو گئی ہے۔ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی انہوں نے پسماندگان سے اظہار ہمدردی کیا۔شہید کانسٹیبل کی میت نماز جنازہ کے بعد اس کے آبائی گائوں تدفین کے لئے بجھوا دی گئی۔