لاہور(این این آئی)وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت پنجاب پوسٹ کورونا سرمایہ کاری پروگرام کے تحت چھوٹے قرضوں کی فراہمی، ایس ایم ایز، دیہی کاروبار اور زرعی شعبہ کی مالی معاونت کے لیے جائزہ اجلاس محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں۔ سیکرٹری فنانس، چیئرمین پی اینڈ ڈی، صدر بنک آف پنجاب ظفر محمود، صدراخوت فائونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب،
سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر الماس حیدر اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پنجاب صوبے کی جانب سے کورونا سے متاثرہ سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مربوط منصوبہ بندی کے تحت تمام شعبہ جات کا احاطہ کر رہی ہے اس ضمن میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے لیے اداروں کو مالی معاونت کی فراہمی پرغور کیا جا رہا ہے۔ پیکج کے تحت چھوٹے گھروں کی تعمیر ، دیہی کاروبار اور زرعی شعبہ کی بحالی کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی ۔اس مقصد کے لیے اخوت اور بنک آف پنجاب کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اجلاس میں بنک آف پنجاب اور اخوت فائونڈیشن کی جانب سے مائیکرو فنانسنگ اور ایس ایم ایزکی مالی معاونت کے حوالے سے تجاویز اور لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے لیے بنک آف پنجاب کے علاوہ مخصوص اداروںکے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر الماس حیدر نے معیشت کی تیز رفتار بحالی کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے ساتھ بڑے کاروباروں کے فروغ کو بھی ضروری قرار دیا۔ صوبائی وزیر نے مائیکرو فنانسنگ کے حوالے سے ڈاکٹر امجد ثاقب کی خدمات کو سراہتے ہوئے تجاویز پر غور کی یقین دہانی کروائی ۔ انہوں نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ اجلاس میں مائیکرو فنانسنگ کے مجوزہ طریقہ کار جائزہ لیا جائے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے ساتھ بتدریج بڑے کاروباروں کے فروغ کے لیے بھی لائحہ عمل زیر بحث لایا جائے۔