کوہاٹ(این این آئی)ہنگو کے مضافاتی علاقے بلیامینہ میں سیلابی پانی کی زد میں آکر سوزوکی پک اپ میں سوار میاں بیوی تین بچوں سمیت بہہ گئے، بیوی جاں بحق جبکہ میاں لاپتہ تاہم تینوں بچوں کو زندہ بچا لیا گیا۔ پولیس کے حوالے سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز بعد از دوپہر علاقے میں شدید بارش کے باعث برساتی ندی میں طغیانی آئی تھی کہ اسی دوران ہنگو سے
نواحی علاقے بلیامینہ جانے والی ایک فیملی سوزوکی پک اپ میں جارہی تھی کہ شگہ کے مقام پر گاڑی سیلابی پانی میں بہہ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں، پولیس اور ریسکیو ٹیم نے پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کیں اور تین بچوں کو زندہ نکال لیا جبکہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک شخص لاپتہ ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ فوری طور پر مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔