اسلام آباد (این این آئی) ترجمان مسلم لیگ (ن )مریم اورنگزیب نے کابینہ میں ردوبدل پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عہدوں کی ردوبدل اور ایک عہدہ لے کر دوسرا دے دینا پاکستان کے عوام کو بیوقوف بنانے کے مترادف ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران صاحب اور وزیراعلیٰ پنجاب جب تک گرفتار نہیں ہوتے عوام کو اْن کی آٹا اور چینی چوری کا جواب نہیں ملے گا ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم ایک ٹویٹ اور ردوبدل کر اپنی ذمہ داری سے سبکدوش نہیں ہو سکتے ،وزیراعظم نے آٹا اور چینی سے منسلک تمام فیصلے کئے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم ای سی سی کے تمام فیصلوں کی منظوری دیتے ہیں ،وزیراعظم کابینہ کو چیئر کرتے ہیں اور ایف آئی اے کی رپورٹ میں درج تمام فیصلوں کی منظوری دیتے ہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام فیصلوں کی منظوری دی ،لکی ایرانی سرکس کر کے عمران صاحب اب پاکستانی عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا ۔ انہوںنے کہاکہ نیب چیئرمین نے انکوائری رپورٹ آنے کے بعد ابھی تک عمران صاحب ، بزدار صاحب صاحب کو گرفتار کیوں نہیں کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی کے ملک کا وزیراعظم اور سب سے بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ عوام کا آٹا اور چینی چور ہو۔