اسلام آباد (این این آئی)ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے اس مشکل ترین حالات میں بھی وزیراعظم نے مایوسی پھیلائی۔ ایک بیان میں ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ طالبان کے خلاف جنگ ہو کہ کورونا کی وبا سے لڑائی عمران خان نے ہمیشہ قوم کو تقسیم کیا ہے،
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بحران میں قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔ ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ وزیراعظم نے چیئرمین پی پی پی کے برعکس آج بھی منفی پیغام دیا ہے، ہمارے سامنے چین، اٹلی اور دیگر ممالک کے تجربات موجود ہیں، ہمیں ہر صورت عوام کی جانوں کا تحفظ کرنا ہے۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ اٹھارہ ماہ میں لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کرنے والے حاکم کو اب غریب یاد آئے ہیں؟ روزگار بچانے کے نام پر لوگوں کو موت کے منہ میں نہیں دھکیلا جا سکتا۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ بہانے بنانے کے بجائے وزیراعظم صاحب قومی وسائل غریبوں پر خرچ کیوں نہیں کرتے؟۔ انہوں نے کہاکہ اگر اب بھی قومی وسائل اور خزانہ عوام پر خرچ نہیں ہوگا تو کب ہوگا؟۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ وفاقی حکومت کے متعلق کہنے کو بہت کچھ ہے مگر قومی یکجہتی کی وجہ سے خاموش ہیں، قوم کو مشکل حالات سے نکالنے کے بعد حکومت کی نااہلیاں سامنے لائیں گے۔