اسلام آباد (این این آئی) دفتر خارجہ نے پاکستان آنے والے چینی بحری جہاز کو بھارت میں تحویل میں لینے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق جہاز راں کمپنی نے بحری جہاز کے معاملے پر پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔دفترخارجہ نے بحری جہاز میں موجود سامان کے فوجی استعمال کے بارے میں بھارتی دعویٰ بے بنیاد قرار دیدیا۔ترجمان کے مطابق
سامان سے متعلق کوئی چیز نہیں چھپائی گئی،متعلقہ دستایزات میں سامان کی پوری تفصیل ظاہر کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بحری جہاز پر صنعتوں میں بھٹیوں کیلئے استعمال ہونے والا سامان ہے، ایسی کئی بھٹیاں پاکستان سمیت کئی ممالک میں استعمال ہورہی ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بحری جہاز پر لدا سامان بین الاقوامی ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں۔