کوہاٹ(این این آئی)وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع کرک میں تقریباًساڑھے 81 کروڑروپے کی خطیر لاگت سے ـ’مخ بانڈہ ڈیم ‘ کی تعمیر کرنے کی منظوری دے دی۔اس منصوبے کی تکمیل سے صابرآباد اور ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ سینکڑوں ایکڑاراضی سیراب ہوگی ۔
ضلع کرک سے منتخب ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک کے مطابق وفاقی حکومت نے ضلع کرک کی یونین کونسل صابرآباد کے علاقے میں ’مخ بانڈہ ڈیم‘ کی تعمیر کرنے منظوری دے دی ہے جس پر ابتدائی تخمینہ81 کروڑ 45 لاکھ19 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ مجوزہ ’مخ بانڈہ‘ ڈیم کی تعمیر و تکمیل سے جہاں صابرآباد اور ملحقہ علاقوں میں سینکڑوں ایکڑاراضی سیراب ہوگی وہاں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی کافی حد تک حل ہوجائے گا۔ بتایا جاتا ہے کی مجوزہ ڈیم میں 693 ایکڑفٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی جبکہ اس کی تکمیل سے 725 ایکڑزرعی اراضی سیراب ہوگی۔یہ منصوبہ تین سالوں میں دسمبر2022 میں مکمل ہوگا۔ شاہدخٹک کے مطابق اس منصوبے کے لئے تمام منظورشدہ رقم وفاقی حکومت مہیاکرے گی جبکہ رواں مالی سال 2019-20 کے دوران اس ڈیم کی تعمیر کے لئے پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ اگر منصوبے پر منظورشدہ رقم814.519 ملین روپے سے زیادہ لاگت آئی تو وہ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔