اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ نے کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے کنونشن منعقد کیا۔ روزنامہ جنگ میں شائع رپورٹ کے مطابق پہلے کنونشن گلستان کالونی میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتےہوئے ن لیگی رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف صرف پاکستان واپس ہی نہیں آئیں گے بلکہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو واپس نہیں لائے گی
بلکہ وہ انہیں اقتدار سے نکالنے کیلئے خود واپس آئیں گے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مریم نواز نے کوئی جرم نہیں کیا انہیں نواز شریف پر دبائو ڈالنے کیلئے نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ایسا کرنے والوںکا خیال تھا کہ بیٹی کو جیل بھیج کر باپ کو جھکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے ۔ وہ بہادر بیٹی نہ خود جھکی اور نہ باپ کو جھکنے دیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ تبدیلی کا راگ الاپنے والی پارٹی نوجوانوں کی پارٹی نہیں ہے بلکہ یہ جن لوگوں کی پارٹی ہے اب تو وہ بھی ان کے سر سے ہاتھ اٹھا رہے ہیں ۔ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ یہ حکومت کارکردگی دکھانے کی بجائے اپوزیشن رہنمائوں کی پکڑ دھکڑ میں لگی ہوئی ہے اور جو نیب سے بچ جائے اس پر منشیات سمگلنگ کا کیس ڈال دیا جاتا ہے ۔