اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے پاکستان کے قومی پرچم کی بے حرمتی کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ و آئی جی خیبرپختونخوا کو واقعہ کی تفتیش کرکے تین دن میں کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے ہوم سیکرٹری و آئی جی خیبر پختونخوا کو آئندہ اجلاس میں قومی پرچم کی بے حرمتی کے واقعے پر کمیٹی
کو بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی پرچم کی توہین کرنے والوں کا سراغ لگا کر قانونی کاروائی کی جائے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو میں پاکستان کے قومی پرچم کی توہین کرنا دکھایا گیاہےجس پر سینیٹر رحمان ملک نے یہ نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ قومی پرچم کی بے حرمتی اپنی ہی سرزمین پر ہورہی ہے، اس واقعہ سے ہر محب وطن پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ہے۔