کراچی(نیوز ڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس کو کورنگی انڈسٹریل ایریا سے ملانے والے کورنگی ندی کے جام صادق پل سے ہفتہ کی صبح تاجر کی لٹکتی ہوئی نعش ملی ہے۔ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق نعش کئی روز پرانی ہے،
جس کی شناخت محمد حسین میو کے نام سے ہوئی ہے، متوفی دودھ کے کام سے منسلک بتایا جاتا ہے۔پولیس کے مطابق نعش شلوار کے ازار بند سے گلے میں پھندا لگا کر لٹکتی ہوئی پائی گئی ہے۔فیصل عبد اللہ چاچڑ کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ متوفی نے مبینہ طور پر خودکشی نہیں کی بلکہ کسی اور مقام پر اسے قتل کر کے اس کی نعش یہاں لٹکائی گئی ہے، تاہم اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق متوفی کی نعش کی تلاشی کے دوران شناختی کارڈ کے علاوہ کچھ پرچیاں بھی ملی ہیں جن پر مختلف لوگوں کے نام اور نمبر درج ہیں۔پولیس کے مطابق ان میں سے ایک پرچی پر دیئے گئے نمبرز پر رابطہ کیا گیا تو مذکورہ شخص نے متوفی محمد حسین میو کو اپنے قرض دار کے طور پر شناخت کیا۔مذکورہ شخص کے مطابق مرنے والے نے کئی لوگوں کے پیسے دینے تھے اور وہ اسے 4 دن سے تلاش کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق اس نکتے سے اشارہ خودکشی کی جانب جاتا ہے لیکن زمینی حقائق مختلف ہیں، تاہم تفتیش کی جا رہی ہے۔