اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں میں سرکاری ملازمین کیلئے کرونا سے بچاؤ والے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا ہے۔ اس حوالے سے تمام وفاقی وزراء اور مشیروں نے اپنے تمام اداروں اور محکموں کے افسران کو فوری طور پر ماسک خریدنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور کرونا وائرس کو روکنے کیلئے وزارتوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وزارتوں اور محکموں میں آنیوالے مہمانوں کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ ماسک پہن کر آئیں اور انتہائی ضروری کام ہونے پر ہی انہیں متعلقہ افسران
سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ دوسری طرف وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود ماسک کی بلیک میں فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور دردِ دل رکھنے والے تاجر ماسک خرید کر مفت میں شہریوں میں تقسیم بھی کررہے ہیں مزید برآں تمام وزارتوں اور محکموں کے ملازمین اور افسران کو حکم دیا گیا ہے کہ ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے بھی گریز کیا جائے وفاقی دارالحکومت کی وزارتو ں اور محکموں میں اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر جاری کیا گیا ہے۔