لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے جناح ہسپتال کے واش روم میں بچے کی پیدائش کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ہمارے دورمیں ایسا واقعہ ہوتا تھا تو یاسمین راشد اور محمود الرشید پوائنٹ سکورنگ کرنے سڑکوں پر نکل آتے تھے۔یاسمین راشد نے شہبازشریف اور خواجہ سلمان رفیق کی دس سالوں کی محنت پر ڈیڑھ سال کے عرصے میں پانی پھیر دیا ہے۔اگر سرکاری ہسپتالوں
میں ٹیسٹ اور ادویات کی سہولت میسر نہیں تو یہ صوبائی حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے۔یاسمین راشد سے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز،نرسیں اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی تنگ آچکے ہیں۔جب شکست خوردہ لوگ پرچیوں پر وزیر مشیر بنیں تو ادارے ایسے ہی تباہ ہوتے ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتال میں کینسر اور کتے کے کاٹے کی ادویات نایاب ہو چکی ہیں۔عثمان بزدار شہبازشریف کے منصوبے پر تختیاں لگانے کی بجائے محکمہ صحت کی ناقص کارکردگی پر توجہ دیں۔