کراچی(این این آئی) شہر قائد میں کروناوائرس سے متاثر 22سالہ نوجوان جامعہ کراچی کا طالبعلم نکلا، جس کے بعد ساتھی طلبامیں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، بیرون ملک سے کراچی پہنچنے کے بعدطالب علم نے جامعہ کراچی میں کلاسیں لی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق کروناوائرس سے متاثرہ 22سالہ نوجوان یحییٰ جعفری جامعہ کراچی کا طالب علم نکلا اور یحییٰ کے وائرس سے متاثر ہونے کے بعد بھی کلاسز لینے کا انکشاف سامنے آیاہے۔جامعہ کراچی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ مریض ایم اے پر یویس بین الاقوامی ایوننگ پروگرام میں زیرتعلیم ہے۔ترجمان کے مطابق کروناکے مریض کے تمام کلاس فیلوز کامعائنہ کیاجائیگا، جامعہ کراچی کے سینئر میڈیکل آفیسر مریض کے دوستوں کامعائنہ کریں گے، مشیرامورطلباء ڈاکٹرسیدعاصم علی تمام طلباء سے رابطے میں ہیں، کسی طالب علم میں تشخیص ہوئی توعلاج جامعہ کراچی کرائیگی۔دوسری جانب ساتھی طالب علم ہلال سعیدنے بتایاکہ یحییٰ20فروری کوکراچی پہنچاتھااورتب سے کلاس لے رہاتھا، ہم سب آئی آر کے طالب علم بہت ہی پریشانی کا شکار ہیں۔ہلال سعید نے کہا کہ یحییٰ جس کلاس میں پڑھتاہے، وہاں 37 طالب علم زیرتعلیم ہیں، ہم سب طالب علموں کی بھی اسکریننگ کرائی جائے۔یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے شکار ہونے والے دو افراد کی تفصیلات سامنے آئیں تھیں، کراچی میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے شخص کی شناخت یحییٰ جعفری کے نام سے ہوئی، جو زیارت کر کے چند روز قبل ایران سے کراچی پہنچا تھا۔