لاہور(این این آئی) ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین پر پابندی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ائیر لائنز، ہوٹلوں اور ویزوں کی مد میں پیشگی بلز ادا کر دئیے ہیں، عمرہ زائرین اپنے پیسوں کی واپسی کے لئے دفاتر میں آکر بیٹھ گئے ہیں،حکومت سے مطالبہ ہے کہ ادا کی گئی رقوم کی واپسی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ایسوسی ایشن کے کنونیئر خواجہ محمد ایوب نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ
اس فیصلے سے سب سے زیادہ ٹریول ایجنٹس متاثرہوئے ہیں،عمرہ زائرین کی ٹکٹوں، ہوٹلوں کی بکنگ اور ویزوں کی مد میں پیشگی بلز ادا کر دئیے ہیں۔فیصلے کے بعد عمرہ زائرین دفاتر میں آکر بیٹھ گئے ہیں۔ ایجنٹس کے پاس اتنا سرمایہ نہیں کہ وہ عمرہ زائرین کو ان کی رقم واپس کر سکیں۔ پاکستانی اورسعودی حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس انڈسٹری سے وابستہ ٹریولز ایجنٹس سے تعاون کریں اور ہوٹلز، ائیرلائنز کی بکنگ اور ویزوں کی مد میں رقم فوری ادا کی جائے۔