پشاور(این این آئی)اسلام آباد میں متعین چین کے کلچرل قونصلر چونگ ہی چنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے ،اہل چین کو پاکستانیوں سے اپنی دوستی پر فخر ہے اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں چینی زبان سیکھنے کے کورس مکمل کرنے والے طلباء
میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ ٹورازم کارپوریشن خیبر پختون خوا کے جنرل مینجر سجاد احمد اور دیگر سفارت کار بھی اس موقع پر موجود تھے۔چینی قونصلر کا کہنا تھا کہ اگرچہ آجکل چینی عوام کرونا وائرس کی وجہ سے مشکل وقت سے گذر رہے ہیں لیکن وہ ان حالات کا ہمت اور حوصلے سے سامنا کر رہے اور انہیں یقین ہے کہ چین کرونا وائرس پر جلد قابو پا کر ایک بھرپور قوت بن کر ابھرے گا۔چونگ ہی چنگ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے علاوہ پاکستانی عوام نے بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے جو بلاشبہ لائق ستائش ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب کرونا وائرس پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور اس وائرس میں مبتلا لوگوں کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ چینی قونصلر کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی و اقتدسادی ترقی کے لئے ایک اہم ترین منصوبہ ہے اور آنے والے ماہ و سال میں پاکستان کی معیشت پر اس منصوبے کے بہترین اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے چائنہ ونڈو میں چینی زبان سکھانے کی مفت کلاسوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عام لوگوں کو سی پیک کے تحت لگنے والے کارخانوں میں ملازمتوں کے حصول میں ترجیح حاصل ہو گی جس سے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء کو سکالر شپ پر چین بھی بھیجا جائے۔چینی قونصلر نے بتایا کہ پشاور یونی ورسٹی میں زیر تعلیم افغان طلباء سمیت ضم شدہ اضلاع کے طلباء و طالبات کے لئے ایک سو سکالرشپ دئیے جائیں گے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹورازم کارپوریشن خیبر پختون خوا کے جنرل مینجر سجاد احمدنے کہا کہ
موجودہ حالات کے تناظڑ میں چینی زبان کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ زبان سیکھنے والے مستقبل میں طور اپریٹرز کے طور خدمات انجام دے کر سیاحت کے فروغ کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔انہوں نے چینی زبان سیکھنے والوں کے لئے تین ماہ کی انٹرنشپ کا اعلان بھی کیا۔ سجاد احمد نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چین سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون کرے گا اور خاص طور گندھارا ثقافت کے پیش نظر چینیوں کی
بڑی تعداد پاکستان آئے گی۔ماہر تعلیم اختر امین کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ چائنہ ونڈو نے چینی زبان سکھانے کے حوالے سے نمایاں خدمت انجام دی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتظمین اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔بعدازاں چینی قونصلرنے چینی زبان کا کورس مکمل کرنے والوں میں اسناد تقسیم کیں ۔ ٹورازم کارپوریشن خیبر پختون خوا کے جنرل مینجر سجاد احمد نے مہمان قونصلر کو خصوصی یادگار پیش کی۔