کراچی(این این آئی) سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے سلسلے میں عوام الناس کے لیے رابطہ نمبر جاری کر دیئے ہیں۔وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے شبے کی صورت میں عوام فوری طور پر 02199206565 ،02199203443 پر رابطہ کریں۔
ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کرونا وائرس کے لیے احتیاطی تدابیر کرنے کی ضرورت ہے، کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، تمام متعلقہ اداروں سے رابطے کر رہے ہیں، ایئر پورٹ پر بھی اسکریننگ کی جا رہی ہے، کراچی سمیت تمام سندھ میں سینٹرز بنا دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی تعداد میں ماسک موجود ہیں، مزید ماسک کے لیے آرڈر دے دیے گئے۔ سندھ حکومت مکمل طور پر تیار ہے۔ادھر میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کے اسپتال میں ایمرجنسی کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، میڈیکل ڈیپارٹمنٹ افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔