لاہور( این این آئی)وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی نے 13شیڈول بینکوں کی نامزد شاخوں کو پیر سے سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی سے روکدیا۔ایک اعلامیے میں وزارت نے اپنے 17فروری کے ان احکامات کی معطلی کااعلان کیاہے جس میں بینکوں کو 24فروری سے چارمارچ تک حج درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اعلامیے میں کہاگیاہے کہ سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج سے درخواستوں کی وصولی کے شیڈول پرنظرثانی کی گئی ہے اورنئی تاریخوں سے جلدآگاہ کیاجائے گا۔قبل ازیں وزارت نے 13شیڈول بینکوں کی نامزد برانچیں کو ہدایت کی تھی کہ وہ 24فروری سے آئندہ ماہ کی چارتاریخ تک ہفتہ اوراتوارکی تعطیلات سمیت مسلسل حج درخواستیں وصول کریں۔