وزیرآباد(آن لائن)پرانے جی ٹی روڈ پر گیمن پل کے قریب واہ کینٹ سے سیالکوٹ جانے والی مسافر کوسٹر سامنے سے آنے والی کار کو بچانے کی کوشش میں لڑھک کر 10فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ کار بھی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر ڈھلوان میں پھسل گئی۔ کوسٹر میں سوار 5بچوں سمیت 13مسافر زخمی ہو گئے۔ کوسٹر نے دو قلا بازیاں کھائیں۔کار ڈررائیور موقع سے فرار ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق واہ کینٹ سے سیالکوٹ جانے والی مسافر کوسٹر نمبر LES 3416 وزیرآباد کے قریب گیمن پل کے قریب پہنچی تو سامنے سے تیز رفتار کا ر آگئی۔سڑک بارش کی وجہ
سے گیلی تھی۔ کوسٹر اور کار کے ڈرائیوروں نے ایک دوسرے سے بچنے کے لئے اپنی اپنی بائیں جانب سٹیئرنگ گھمایا جس کے نتیجے میں کوسٹر 10فٹ نیچے ڈھلوان کی جانب لڑھک کر 10فٹ نیچے کھائی میں جا گری۔دوسری جانب کار بھی ڈھلوان میں اتر گئی تاہم سنبھل گئی۔کار سیدھی ہوئی تو ڈرائیور تیزی کے ساتھ فرار ہو گیاجبکہ کوسٹر کا ڈرائیور بھی چھلانگ لگاکر موقع سے فرار ہو گیا۔ کوسٹر میں سوار 5بچوں سمیت 13مسافر زخمی ہو گئے جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔خوش قسمتی سے کوئی مسافر شدید زخمی ہوا نہ کوئی ہلاکت ہوئی۔