اسلام آباد(این این آئی) میٹابولزم ڈس آرڈر کے شکار بچوں کے والدین نے وزیراعظم عمران خان سے بچوں کی زندگی بچانے والی غذا کی امپورٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ جمعرات کو والدین نے کہاکہ بچے ہسپتال میں داخل ہیں انہیں مخصوص غذا کی ضرورت ہے جو دستیاب نہیں،والدین کی درخواست پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے نوٹس لے لیاوفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہاکہ بیماری کا شکار بچوں کے والدین سے رابطہ کر کے معلومات حاصل کر لی ہیں،مخصوص دودھ، آٹا اور چاول پر مشتمل غذا بچوں کی جان بچانے
کے لئے ضروری ہے۔فیصل واوڈا نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے خصوصی درخواست کروں گا،ملک بھر میں 56 بچے اس بیماری کا شکار ہیں۔وفاقی وزیر فیصل واوڈانے کہاکہ والدین کے مطابق بیماری کے علاج کے لئے ملک بھر میں صرف 3 ڈاکٹرز ہیں،والدین کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے لائف سیونگ غذا کی فراہمی کا راستہ نکالنا ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مخصوص غذا نہ ملنے سے اب تک کئی بچے دم توڑ چکے ہیں،بچوں کے والدین سے جلد ملاقات کر کے مزید اقدامات بھی اٹھاؤں گا۔