لاہور (نیوز ڈیسک) تیزگام حادثے کی نئی رپورٹ میں شیخ رشیداحمد کے موقف کوتقویت مل گئی،رپورٹ میں حادثے کی وجہ گیس سلنڈرکوقرار دے دیا تاہم ریلوے حکام نے اس بارے رپورٹ بنا کرگیس سلنڈرکوحادثے کاباعث بننے بارے معاملے کوغلط قرار دیا تھا
جس پر نئی رپورٹ بنانے کے لیے بھی کہا گیا اور ریلو ے افسران کے خلاف نیب سے بھی رجوع کیا گیا۔ چند ماہ قبل کراچی سے لاہور آنے والی 15 اپ تیز گام ایکسپریس سانحہ کی پنجاب فرانزک تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے۔ رپورٹ نے مذکورہ سانحہ کے حوالے سے پاکستان ریلوے کے ایف جی آئی آر کی تحقیقاتی رپورٹ کو نفی کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب فرانزک ایجنسی کی رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ تیز گام ایکسپریس میں آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں بلکہ ٹرین میں موجود گیس سلنڈر کی لیکج سے لگی چلتی ٹرین میں بوگی میں گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا۔ جس سے وہاں پر موجود دیگر گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے اور آگ نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید پہلے ہی ریلوے کے ایف جی آئی آر کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرچکے ہیں جبکہ انہوں نے اس سانحہ کی دوبارہ تحقیقات کرنے کا حکم دیا اور دوسری تحقیقاتی رپورٹ میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے موقف کی تصدیق سامنے آگئی ہے۔