پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان نے اپنے حلقے میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن اور بجلی منقطع کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیسکو حکام کی سرزنش کر دی۔ ایک مؤقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیسکو حکام نے ان کے آبائی حلقے میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنڈے ہٹائے اور بعض علاقوں کی بجلی منقطع کر دی۔ جس پر گورنرشاہ فرمان نے پیسکو حکام کو گورنر ہاؤس طلب کرکے ڈانٹ پلائی۔ تاہم گورنر ہاؤس کے ذرائع
نے بتایا کہ گورنر نے عوامی شکایات پر پیسکو حکام پر برہمی کا اظہارکیا ہے۔ گورنر ہاؤس پشاور سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے پشاور کے مضافاتی علاقوں بڈھ بیر، ماشوخیل، ماشو گگر، ادیزئی و دیگر میں بجلی کے اضافی بلوں اور کنڈا ہٹانے کے نام پر واپڈا اہلکاروں کے نامناسب رویے سے متعلق عوامی شکایات پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ واپڈا اہلکار اپنا قبلہ درست کریں اور صارفین کے ساتھ اپنا رویہ ٹھیک کریں۔