لاہور(این این آئی) حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور ٹیکس گروپس سے 5 سینئر افسران اس اعلی عہدے کے لیے دوڑ میں ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے نئے سربراہ کی تعیناتی پر غور کے لیے جو نام وزیراعظم سیکرٹریٹ میں گھوم رہے ہیں ان میں دو افسران ان لینڈ ریونیو سروسز اور 3 کسٹمز گروپ سے ہیں۔ان لینڈ ریو سروسز سے طارق محمود پاشا کا ہے جو اس وقت سیکرٹری کشمیر امور اور گلگت بلتستان ہیں جبکہ قائمقام چیئرمین اور
رکن کسٹمز نوشین امجد بھی ممکنہ امیدوار ہیں۔کسٹمز کی جانب سے ممکنہ امیدواروں میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس زاہد کھوکھر، ممبر کسٹمز پالیسی جاوید غنی اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس احمد مجتبیٰ میمن کا نام بھی زیر غور ہے۔میڈیا رپورٹ میں وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو کے لیے ہارون اختر کی تعیناتی کو تقریباً حتمی شکل دیدی ہے اور آئندہ کچھ روز میں اس کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔