کراچی(این این آئی)شہرقائد میں کچرا چننے والے طور خان نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچرے سے ملنے والی خطیر رقم اصل مالک کے حوالے کر دی۔ذرائع کے مطابق کراچی میں کچرا چننے والے جمالی گوٹھ کے رہائشی طور خان نے ایمانداری کی ایک نئی مثال قائم کر دی ۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں یہ انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک فیملی نے خطیر رقم سے بھرا لفافہ غلطی سے کچرے میں پھینک دیا ۔فیملی کے مطابق جب گھر میں لفافے کی تلاش کی گئی تو معلوم ہوا کہ لفافہ کچرے میں غلطی سے پھینک دیا گیا تھا جس کے بعد طور خان سے رابطہ کیا گیا تاکہ لفافے کو تلاش کیا جائے ۔جس پر طور خان کے والد نے مالکان کو یقین دہانی کروائی کے اگر انہیں لفافہ ملا تو وہ اسے واپس لوٹا دیں گے ۔کچھ دن گزرنے کے بعد طور خان کو کچرے میں پیسوں سے بھرا لفافہ ملا جس میں 3 لاکھ 50ہزار کی رقم موجود تھی۔طور خان نے اپنے والد اور بھائی کے ہمراہ مالک کے گھر جاکر اس لفافے کو واپس کر دیا ،طور خان کی ایمانداری پر مالکان نے طور خان اور اس کے والد کو انعام کے طور کچھ رقم دی، مگر طور خان اور ان کے خوددار والد نے رقم لینے سے صاف انکار کر دیا ۔