اسلام آباد(آن لائن، این این آئی )چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی نے غیر معینہ مدت کیلیے چھٹی کی نئی درخواست بھجوا دی۔چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی نے چھٹی ختم ہونے پر دفتر آنے کی بجائے غیر معینہ مدت کیلیے چھٹی کی نئی درخواست مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بھجوا دی۔مشیر خزانہ اپنی سفارش کے ساتھ چھٹی کی درخواست حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوائیں گے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی
کے جلد صحت یاب نہ ہونے کی صورت میں ان کا متبادل لانے کا اشارہ دیا تھا۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا کہ منی بجٹ لائے جانے اور ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کے جلد صحت یاب نہ ہونے کی صورت میں ان کا متبادل لانا پڑے گا۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی واقعی بیمار ہیں، ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد تندرْست ہو جائیں لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو ان کا متبادل لانا پڑے گا۔