لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے نجی سکولوں کی جانب سے اضافی فیسیں وصول کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے نجی سکولوں کی جانب سے وصول کی گئی اضافی فیسیں واپس کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس ساجدمحمود سیٹھی نے 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے 2017 کے بعد نجی سکولوں کی جانب سے پانچ فیصد سے زائد بڑھائی گئی
فیسوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے فیسوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرنے کا حکم دیدیا ۔عدالت نے ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کا سکولوں کی فیسوں میں پانچ سے 8 فیصد اضافہ کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔ فاضل عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نجی سکول فیس کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی رعایت کو واپس نہیں لے سکتے۔