اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہمت کریں اور مولانا فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کریں۔ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے آزادی مارچ کے دوران مولانا فضل الرحمان کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نہ حکومت کی اطاعت قبول کی ہے اور نہ کریں گے،
اگر یہ بغاوت ہے تو بغاوت کرتے رہیں گے۔جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے ایک انٹرویومیں کہا کہ وزیراعظم ہمت کریں اور مولانا کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کریں۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اگر فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہوتا ہے تو پھر بات مولانا تک محدود نہیں رہے گی بلکہ بہت دور تک جائے گی۔رہنما جے یو آئی ف نے کہا کہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی کوئی کارکردگی نہیں ہے، اعجاز شاہ نے گیدڑ بھبکیاں دیں لیکن ہم نے دھرنا دے کر کھایا۔انہوں نے کہاکہ اعجاز شاہ نے کہا مولانا فضل الرحمان اسلام آباد نہیں آئیں گے لیکن وہ آئے۔