اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما و وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے نعیم الحق انتقال کرگئے تھے۔جنوری 2018 میں نعیم الحق کو بلڈ کینسر تشخیص کیا گیا جس کے بعد سے ان کا علاج جاری تھا
اور وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور تھے۔ مرحوم رہنما کی نماز جنازہ مسجد عائشہ ڈیفنس میں ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مولانا تنویرالحق تھانوی نے نعیم الحق کی نماز جنازہ کی امامت کی جس کے بعد انہیں گزری قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔خیال رہے کہ قریبی ساتھی کے انتقال پر وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنے دیرینہ دوست نعیم الحق کے انتقال پر دھچکا لگا ہے، وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے 10 بانی ارکان میں سے ایک اور سب سے وفادار تھے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی 23 سالہ جدو جہد میں نعیم الحق ہر مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور ہر طرح پارٹی کی مدد کی۔